سال 2022 میں جس واقعے نے سب سے زیادہ صدمہ پہنچایا وہ نہ رجیم چینج تھا، نہ 25 مئی اور نہ خان صاحب پر حملہ۔ یہ سب واقعات بہت افسوسناک اور تکلیف دہ تھے لیکن ہم ذہنی طور پر ان کے لیے تیار تھے۔ جس واقعے نے صحیح معنوں میں ہمارے اندر کچھ توڑ دیا، ہمیشہ کے لیے کچھ بدل دیا، کچھ اداروں سے ذہنی و قلبی رشتوں کو یکسر نیست و نابود کردیا، وہ ارشد شریف کا قتل تھا۔
میں اور مجھ جیسے کئی لوگ اس رات سو نہیں سکے۔ مجھے یہ بھی نہیں معلوم کہ میں نے اس سے اگلا دن کیسے گزارا۔ مایوسی اور بے بسی کا زبردست احساس تھا جس نے میرے دوستوں کو بھی گھیرا ہوا تھا۔ یہ احساس کہ ہم باقاعدہ طور پر بحثیت ملک، بحیثیت قوم پستی کی تہہ تک پہنچ گئے ہیں لیکن صرف ماتم کر سکتے تھے۔
شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہو جب ارشد شریف میرے ذہن میں نہ آتے ہوں اور دیر تک میں ان کے بارے میں نہ سوچتا ہوں۔ حالانکہ میں نے تو "وہ کون تھا" والے تاریخ ساز پروگرام کے سوا ان کا کوئی شو بھی کبھی نہیں دیکھا تھا۔ بس ان کی گفتگو کی کچھ جھلکیوں سے یہ تاثر قائم تھا کہ وہ پاکستانیت پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور منافقوں سے بھری ہوئی میڈیا انڈسٹری میں ایک منفرد اور مخلص شخص ہیں۔ ان کی شہادت نے اس تاثر کو یقین میں بدل دیا کیونکہ اگر وہ مخلص اور ایماندار نہ ہوتے تو انہیں مارنا نہ پڑتا۔
غصہ آتا ہے کہ ہماری ریاست نے ان کی تدفین سے پہلے اور تدفین کے وقت بھی جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لیا۔ غصہ آتا ہے کہ ڈیڑھ ماہ بعد بھی ان کے قتل کی تفتیش میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ غصہ آتا ہے کہ حکومت اور میڈیا ایسے کام کر رہے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ غصہ آتا ہے کہ عدالتوں نے اس پورے عرصے میں اس کیس کو نظر انداز کیا ہے۔ غصہ آتا ہے کہ ان کے اپنے کولیگز نے انہیں بھلا دیا ہے۔
کاش ہم اس وقت کچھ کرتے جب کچھ کیا جاسکتا تھا۔ کاش ہم ان کی جان کو لاحق خطرات کو نظر انداز نہ کرتے جس کے بارے میں وہ ہمیں بتا رہے تھے۔ وہ چیختے رہے لیکن ہم نے کبھی توجہ نہیں دی۔ انہیں ان کے ملک سے، جس سے وہ عشق کرتے تھے، نکال دیا گیا، لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی، اور پھر بالآخر انہیں قتل کر دیا گیا۔
میں نہیں جانتا کہ تحقیقات سے کیا نتیجہ نکلے گا، مجھے اس ملک کی عدالتوں سے رتی برابر بھی اچھی امید نہیں، ہاں امید ہے تو اللہ کی ذات سے کہ ارشد شریف کو وہ سکون مل گیا ہوگا جو اس دنیا نے ان سے چھین لیا تھا۔ رہے ہم تو اس واقعے کی یاد شاید فتح یاب ہو جانے کے بعد بھی ہمیں بے چین ہی کیے رکھے۔۔۔
.jpeg)